ستائیسویں شب
حضرت عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ
حضور نبی کریم ا نے ارشاد فرمایا کہ جس نے رمضان المبارک کے مہینہ کی ستائیسویں رات صبح ہونے تک عبادت میں گزاری وہ مجھے رمضان المبارک کی تمام راتوں کی عبادت سے زیادہ پسند ہے۔
حضرت فاطمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے عرض کی اے ابا جان ! وہ ضعیف مرد اور عورتیں کیا کریں جو قیام پر قدرت نہیں رکھتے؟
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ” کیا وہ تکیے نہیں رکھ سکتے جن کا سہارا لیں اور اس رات کے لمحات میں سے کچھ لمحات بیٹھ کر گزاریں اور اللہ تعالیٰ سے دعا مانگیں‘ لیکن یہ بات اپنی امت کے تمام ماہ رمضان کو قیام میں گزارنے سے زیادہ محبوب ہے۔
حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ
حضور نبی ا نے فرمایا کہ جس نے شب قدر جاگ کر گزاری اور اس میں دو رکعت (نفل) نماز ادا کی تو اللہ تعالیٰ نے اسے بخش دیا ہے۔ اسے اپنی رحمت میں جگہ دیتا ہے اور جبرئیل علیہ السلام اس پر اپنے پَر پھیرتے ہیں اور جس پر جبرئیل علیہ السلام نے اپنے پَر پھیریں وہ جنت میں داخل ہوگا۔
رمضان المبارک کی ستائیسویں رات کو جو کوئی دو رکعت نفل نماز اس طرح سے پڑھے کہ ہر رکعت میں سورة الفاتحہ کے بعد سات سات مرتبہ سورة اخلاص پڑھے۔ نماز سے فارغ ہونے کے بعد ستر مرتبہ یہ تسبیح پڑھے۔
اَستَغفِرُ اللّٰہَ العَظِیمَ الَّذِیلَآاِلٰہَ اِلَّا ھُوَ الحَیُِّ القَیُّومُ وَ اَتُوبُ اِلَیہِo
تو انشاءاللہ تعالیٰ اس کے ماں باپ اور اس کے گناہوں کی بخشش ہو جائے گی۔ پروردگار عالم اس کے والدین کی مغفرت فرمائے گا اور اسے جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے گا اس کے علاوہ اس نماز کے پڑھنے والے کو نیکی کے کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے گا۔ جو کوئی
رمضان المبارک کی ستائیسویں شب چار رکعت نفل نماز اس طرح سے پڑھے کہ ہر رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد تین تین مرتبہ سورة قدر اور پچاس مرتبہ سورہ اخلاص پڑھے اور پھر نماز سے فارغ ہونے کے بعد بارگاہِ الِٰہی میں سجدہ ریز ہو کر نہایت یکسوئی کے ساتھ دعا مانگے ‘جو بھی جائز حاجت ہو گی انشاءاللہ تعالیٰ پوری ہوگی۔ رمضان المبارک کی
ستائیسویں رات کو چار رکعت نفل نماز دو دو رکعت کر کے اس طرح سے پڑھے کہ ہر رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد ایک مرتبہ سورة التکاثر اور تین تین مرتبہ سورہ اخلاص پڑھے۔ بفضل باری تعالیٰ جب موت کا وقت قریب ہو گا تو اس سے موت کی سختی و شدت آ سان ہو جائیگی اور اللہ تعالیٰ اپنے فضل و کرم سے قبر کاعذاب معاف فرما دے گا۔ رمضان المبارک کی
ستائیسویں شب کو جو کوئی ساتوں حم والی سورتیں پڑھے تو انشاءاللہ تعالیٰ اسے گناہوں کی معافی عطا ہو گی۔ جو کوئی رمضا ن المبارک کی ستائیسویں شب کو
دو دو رکعت نفل نماز اس طرح سے پڑھے کہ ہر رکعت میں سورہ فاتحہ کے بعد ایک ایک مرتبہ سورہ الم نشرح اور تین تین مرتبہ سورہ اخلاص پڑھے اور سلام پھیرنے کے بعد ستائیس مرتبہ سورہ القدر پڑھے تو انشاءاللہ تعالیٰ اسے ثوابِ عظیم حاصل ہوگا۔
No comments:
Post a Comment