رمضان المبارک
رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ارشاد فرماتے ہیں کہ ماہ رمضان المبارک اللہ تعالیٰ
کا مہینہ ہے۔ بہت ہی بابرکت اور فضیلت والا مہینہ ہے اور یہ صبر و شکر اور عبادت کا مہینہ ہے اور اس ماہ مبارک میںجو عبادت کرکے اللہ پا ک کی خوشنودی حاصل کر ے گا۔ اس کی بڑی جزا خداوند تعالیٰ عطا فرمائے گا۔
ابن جوزی رحمتہ اللہ علیہ، بستان الواعظین میں لکھتے ہیں کہ جس طرح حضرت یعقوب علیہ الصلوٰة والسلام کے بارہ بیٹوں میں سے سیدنا حضرت یوسف علیہ الصلوٰة والسلام اپنے والد ماجد کو زیادہ محبوب تھے۔
اسی طرح سال کے بارہ مہینوں میں سے رمضان شریف اللہ تعالیٰ کو زیادہ محبوب ہے اور
جس طرح اللہ کریم نے سیدنا حضرت یوسف علیہ الصلوٰة والسلام کے واسطے باقی گیارہ بھائیوں کی مغفرت فرمائی ہے اسی طرح رمضان المبارک کی برکت سے گیارہ مہینوں کی خطائیں معاف فرمائے گا۔
(نزہتہ المجالس ج 1ص 136)
حضورصلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے کہ
رمضان المبارک کی ہر رات میں ایک منادی آسمان سے طلوع صبح تک یہ ندا کرتا رہتا ہے کہ
اے خیر کے طالب عمل کر اور خوش ہو جا۔
اور
اے برائی کے چاہنے والے رک جا اور عبرت حاصل کر۔
کیا کوئی بخشش مانگنے والا ہے کہ اس کی بخشش کی جائے؟
کیا کوئی توبہ کرنے والا ہے کہ اس کی توبہ قبول کی جائے؟
کیا کوئی سوالی ہے کہ اس کا سوال پورا کیا جائے؟
اللہ بزرگ و برتر رمضان شریف کی ہر رات میں افطاری کے وقت ساٹھ ہزار گناہ گار دوزخ سے آزاد فرماتا ہے۔ جب عید کا دن آتا ہے تو اتنے لوگوں کو آزاد فرماتا ہے کہ جتنے تمام مہینہ میں آزاد فرماتا ہے۔ یعنی تیس مرتبہ ساٹھ ساٹھ ہزار۔
No comments:
Post a Comment